نئی دہلی،8 ؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )سوراج انڈیا کے قومی صدر یوگیندر یادو نے کجریوال حکومت پر جھگی جھونپڑی میں رہنے والے 20لاکھ لوگوں کو دھوکہ دینے کا الزام لگایا ہے۔یوگیندر یادو نے ہفتہ کو یہاں عام آدمی پارٹی کے جے جے گروپ کے امیش ورما کی قیادت میں غیر مجاز کالونیوں کے سینکڑوں کارکنوں کو پیلا پٹکا پہناکر سوراج انڈیا میں شامل کیا۔یوگیندر نے کہا کہ عام آدمی پارٹی نے 2015تک کی تمام جھگیوں کو نہیں ہٹانے کا وعدہ کیا تھا لیکن اقتدار میں آتے ہی وہ اپنے منشور کے اس وعدے سے مکر گئی۔انہوں نے کہا کہ عام آدمی پارٹی نے جھگیوں کے سلسلے میں فیصلہ لینے میں محلہ سبھا کی رائے کو ضروری بتایا تھالیکن حکومت اس بیان سے بھی پلٹ گئی۔ یادو نے دہلی شہری بہتری بورڈ (ڈوسب)کے دستاویزات کا حوالہ دے کر کہا کہ حکومت نے صاف کہا ہے کہ جھگیوں کو ہٹانے اور نقصان کے سروے کا کام مکمل طور پر انتظامی ہے اور تجربہ کار افسر اس کام کو انجام دیتے ہیں۔ایسے میں معاشرے کے نمائندوں (سی بی او)کو اس میں شامل کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔امیش نے کہا کہ دہلی میں 11مقامات پر جھگیوں پر بلڈوزر چلا لیکن آپ ممبر اسمبلی اور حکومت کی جانب سے انہیں کوئی تعاون نہیں ملا۔اسی سے مایوس ہو کر انہوں نے سوراج انڈیا کا دامن تھاما ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ سوراج انڈیا کی قیادت میں جھگی جھونپڑی والوں کا بھلا ہوگا۔امیش نے کہا کہ انتخابات سے پہلے خواب بیچا جاتا ہے،سیاسی جماعتوں نے ہم لوگوں کو ہمیشہ ووٹ مانا ہے، حکومت بننے کے بعد غریبوں کو بھول جاتے ہیں۔